لندن،18جون؍(آئی این ایس انڈیا)منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں مفرور مجرم قرار اور ہندوستان میں مطلوب شراب کاروباری وجے مالیا کو اس ہفتے یہاں لندن اسکول آف اکونامکس(ایل ایس ای)میں ایک رسم اجرا پروگرام میں دیکھا گیا، جس میں ہندوستانی ہائی کمشنر نوتیج سرنا نے بھی شرکت کی تھی۔اس واقع کو لے کرہندوستان میں خاصی بے چینی ہے۔یہ پتہ چلنے کے بعد کہ جمعرات کی شام کو سہیل سیٹھ کی نئی کتاب کے رسم اجرا کی تقریب میں شراب کاروباری وجے مالیا کو دیکھا گیا، جبکہ ہندوستانی ہائی کمشنر نوتیج سرنا وہاں بطورمہمان خصوصی موجود تھے، یہ خبر سوشل میڈیا پر چھا گئی ہے۔نیوز ٹیلی ویژن چینلز پر ایک آڈیٹوریم میں سرنا اور مالیا کے موجود ہونے کی تصاویر نشر ہونے کے بعد اب ایسے پروگرام میں ہائی کمشنر کی موجودگی پر سوال اٹھائے جانے لگے ہیں، جہاں ایک ایسا شخص موجود تھا جوہندوستان میں ای ڈی ایجنسیوں کی طرف سے مطلوبہ ہے۔سیٹھ نے دعوی کیا کہ ایل ایس اے میں یہ عام پروگرام تھا جہاں عمومی دعوت کی وجہ سے کوئی بھی پہنچ سکتا تھا۔مالیا کو اس پروگرام میں مدعو نہیں کیا گیا تھا اور وہ شاید اپنی مرضی سے پہنچے تھے،بعد میں ہائی کمیشن میں ایک استقبالیہ میں انہیں نہ تو دعوت دی گئی اور نہ ہی وہ وہاں موجود تھے۔وزارت خارجہ بھی حرکت میں آ گئی ہے اور اس نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ مالیا کے نظر آنے کے بعد سرنا ڈائیلاگ سیشن کا انتظار کئے بغیر وہاں سے اٹھ کر چلے گئے۔وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ جب ہائی کمشنر کو سامعین میں مالیا نظر آئے تب وہ اپنا بیان دینے کے فورا بعد اسٹیج سے اٹھے اور چلے گئے۔انہوں نے ڈائیلاگ سیشن کا انتظار بھی نہیں کیا۔